تلنگانہ میں آج سے تمام شہریوں کیلئے ٹیکہ اندازی مہم

   


ویب سائیٹ پر رجسٹریشن لازمی، 250 روپئے قیمت مقرر، ڈائرکٹر محکمہ صحت
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں یکم مارچ سے تمام شہریوں کے لئے ٹیکہ اندازی کی مہم کے آغاز کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے رجسٹریشن کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ www.cowin.gov.inپر رجسٹریشن کروایا جائے اور اس رجسٹریشن کے دوران اپنے موبائیل نمبر اور آدھار کارڈ نمبر فراہم کئے جائیں تاکہ ٹیکہ حاصل کرنے والوں کی تفصیلات کے حصول کے ساتھ انہیں ٹیکہ اندازی کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاسکے۔ ریاست تلنگا نہ میں کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کے لئے جملہ 102 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ریاست کے ہر ضلع میں سرکاری 2 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ شہر حیدرآباد میں جملہ 12 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ آن لائن رجسٹریشن کروانے والوں کو ان کے قریبی مرکز کا پتہ اور لنک روانہ کیا جائے گا جہاں وہ اپنا پہلا ٹیکہ حاصل کرسکتے ہیں اور وہیں مکمل اندراجات کے بعد انہیں دوسرے ٹیکہ کی تاریخ اور مقام کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت تلنگانہ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت کی جانب سے یکم مارچ سے شروع کی جانے والی ٹیکہ اندازی مہم کے سلسلہ میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور تمام مراکز پر ضعیف العمر شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ یکم مارچ سے جو ٹیکہ اندازی کی مہم شروع کی جا رہی ہے ان میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کا احاطہ کیا جائے گا اور 45تا59 سال کے ان شہریوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا جو کہ قلب ‘ ذیابیطس کے علاوہ دیگر ایسے امراض میں مبتلاء ہوں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع میں مفت ٹیکہ اندازی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ صحت نے کہا کہ ریاستی حکومت کے اعلیٰـ عہدیداروں کی نگرانی میں سرکاری دواخانوں میں مفت ٹیکہ اندازی کے علاوہ ریاست کے 215 خانگی دواخانوں میں بھی ٹیکہ اندازی کیلئے اجازت دی گئی ہے جہاں پر 150 روپئے میں ٹیکہ فراہم کیا جائے گا اور 100 روپئے سروس چارجس وصول کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جن دواخانوں کو کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کی اجازت فراہم کی گئی ہے وہ ٹیکہ لگانے کیلئے 250 روپئے تک وصول کرسکتے ہیں یعنی دو مرحلوں میں لئے جانے والے ٹیکہ کیلئے خانگی دواخانوں میں ٹیکہ حاصل کرنے والوں کو 500 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔