تلنگانہ میں صحافیوں کیلئے نئے ایکریڈیشن کارڈس کی اجرائی کا آغاز

   

اندرون 15 یوم تمام صحافیوں کو نئے کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی

حیدرآباد : /30 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ پی سرینواس ریڈی نے ریاست میں نئے ایکریڈیشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل صحافیوں میں اندرون 15 یوم ایکریڈیشن کارڈس تقسیم کردیئے جائیں گے ۔ آج حمایت نگر اسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن کے دفتر میں ایکریڈیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدرنشین پریس اکیڈیمی سرینواس ریڈی ، نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خان کے علاوہ کمیٹی کے دوسرے اراکین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے حکومت کا واضح موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ایکریڈیشن کارڈس کی فراہمی میں تاخیر سخت جانچ کے عمل کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ تاکہ صرف مستحق افراد کو ہی فائدہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اندازہ کے مطابق تقریباً 45 سے 46 ہزار افراد اہل ہوسکتے ہیں ۔ جبکہ سابق حکومت میں یہ تعداد 32 سے 35 ہزار کے درمیان تھی ۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ اب تک تقریباً 2500 صحافیوں کو ریاستی سطح کے کارڈس کیلئے منظوری دی جاچکی ہے ۔ جبکہ ضلعی سطح پر بھی عمل تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے یقین دہائی کرائی کے تمام کارڈس اندرون 15 یوم جاری کردیئے جائیں گے ۔ ایک طرف موجودہ ایکریڈیشن کے کاڈرس کی میعاد میں پھر ایک مرتبہ /31 مئی 2026 ء تک توسیع دی گئی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اسپیشل کمشنر جی مکندا ریڈی نے تمام اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ ڈسٹرکٹ میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کے اجلاس جلد از جلد مکمل کرلیں اور اندرون 15 یوم تمام منظور شدہ اہل صحافیوں کو نئے ایکریڈیشن جاری کردیں ۔ اس عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کریں ۔ 2/Y/A