پارٹی کو اقتدار میں لانے کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو مبارکباد، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے پر صرف تلنگانہ یا کانگریس کے حلقوں میں جشن نہیں منایا جارہا ہے بلکہ بیرون ملک بھی کانگریس کی کامیابی کا یہ جشن منایاجارہاہے۔ گذشتہ دنوں امریکہ کے شہر شکاگومیں موجود حیدرآبادی نوجوانوں نے تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے تمام قائدین اورتلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لئے جدوجہد کا حصہ بننے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد اقلیتوں کو کافی امیدیں وابستہ ہیں اور توقع ہے کہ برسراقتدار جماعت تلنگانہ میں اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے ان کی ترقی کے لئے راہیں ہموار کرے گی۔ جناب سید مکرم‘ جناب شکیل اللہ خان‘ جناب ریاض احمد کے علاوہ دیگر کئی نوجوانوں نے شکاگومیں منعقدہ اس جشن کے دوران کہا کہ گذشتہ 10 برسوں سے تلنگانہ میں اقلیتوں کی آواز کو دبایا جارہا تھا لیکن اب کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد اس بات کی طمانیت حاصل ہونے لگی ہے کہ ریاست کے اقلیتوں کی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی اور انہیں دیگر طبقات کے مساوی مواقع دیئے جائیں گے۔ جناب سید مکرم نے اس موقع پر چیف منسٹرسے اپیل کی کہ وہ ریاست میں مساجد کی شہادت کے سلسلہ کو بند کرنے کے علاوہ مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے ان میں اعتماد پیدا کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ کے مسلمانوں نے کانگریس کی کھل کر تائید کرتے ہوئے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنایا ہے۔ جناب سید مکرم نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی کامیابی سے تلنگانہ عوام ہی نہیں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم ہندستانی شہریوں میں ایک امیدکی کرن پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ میں موجود تلنگانہ کے عوام میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے سے جشن کا ماحول ہے کیونکہ وہ رہتے امریکہ میں ہیں لیکن ان کے دلوں میں اب بھی اپنے ملک ‘ ریاست اور شہر کے لئے بے پناہ محبت ہے ۔ جشن میں شریک ہندستانی نوجوانوں نے توقع ظاہر کی کہ مسٹر اے ریونت ریڈی تلنگانہ میں مسلمانوں کو مناسب نمائندگی فراہم کرتے ہوئے انہیں اقتدار میں حصہ داری دیں گے۔3
لسان الامت بہادر یار جنگؒ کی برسی
حیدرآباد 14 جنوری (پریس نوٹ) ریڈرز اسوسی ایشن مشیرآباد کی جانب سے قائد ملت بہادر یار جنگؒ کی 81 ویں برسی کے موقع پر ریڈرز اسوسی ایشن مشیرآباد کے زیراہتمام یوم منگل 16 جنوری کو 4 بجے شام حظیرہ حضرت شاہ قاسم مجتہد گروہ مہدویہ مشیرآباد اجتماعی زیارت کا اہتمام کیا گیا ہے۔