تقررات کیلئے درخواستیں مطلوب۔ ویب سائیٹ پر پروفارما جاری ‘ ایک اور رکن بھی مستعفی
حیدرآباد 12 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے سابق صدر نشین و ارکان کے استعفیٰ کو گورنر کے منظور کئے جانے کے بعد حکومت نے پبلک سروس کمیشن کی تشکیل جدید کے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔حکومت نے پبلک سروس کمیش صدرنشین اور ارکان کیلئے اہل افراد سے درخواستیں طلب کی ہیں اور ان عہدوں پر تقررات کیلئے حکومت کی ویب سائٹ پر درخواست فارم جاری کردیئے گئے ہیں۔ www.telangana.gov.in پر درخواست داخل کرنے کے خواہشمندوں کی اہلیت و تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ حکومت سے درخواستوں کی وصولی 18 جنوری شام 5 بجے تک جاری رہیگی ۔ امیدوار درخواستیں مطابق [email protected] پر میل کرسکتے ہیں۔ حکومت سے واضح کیا گیا کہ میل سے ملنے والی درخواستوںمیں سے اہل امیدوار وں کو تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کا انتخاب عمل میں لائے گی اور اگر درخواستوں میں سے انتخاب نہیں ہوتاہے تو سرچ کمیٹی اور اسکریننگ کمیٹی جو حکومت سے تشکیل دی جائے گی اور اس کمیٹی کے ذریعہ ان عہدوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ حکومت سے کمیشن کی تشکیل جدید کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی کمیشن کی رکن مسزایس آنند تنوبانے کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ پیش کردیا ۔ انہوں نے گورنر کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ کمیشن میں بے قاعدگیوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور کسی ایک فرد کی کارکردگی کی بنیاد پر مکمل ادارہ کو ذمہ دار قرار دینا درست نہیں ہے۔ انہو ںنے کہا کہ وہ اخلاقی ذمہ داری قبول کرکے مستعفی ہورہی ہیں۔ حکومت سے کمیشن کی تشکیل جدید کیلئے درخواستوں کی طلبی کے بعد نامزد عہدوں کیلئے دوڑ دھوپ کرنے والے کئی قائدین کی دہلی و ریاست میں بااثر شخصیات اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے عہدہ حاصل کرنے کی کوششوں کا باضابطہ آغاز ہوچکا ہے اس کے علاوہ ریاست کی مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کے عہدہ پر بھی تقرر کیلئے نمائندگیاں کی جانے لگی ہیں۔3