ایک منٹ تاخیر کی سخت پابندی ، ریاست بھر میں 125 امتحانی مراکز ، مختلف اشیاء پر پابندی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جواہر لعل نہرو ٹکنالوجی یونیورسٹی نے ریاست تلنگانہ میں انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد ہونے والے TG EAPCET 2026 امتحانات کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔ کنوینر ڈاکٹر کے وجئے کمار ریڈی نے بتایا کہ امتحانات 9 سے 11 مئی تین دنوں تک جاری رہیں گے ۔ ریاست بھر میں اس امتحان کے لیے جملہ 2,10,766 لاکھ امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے ۔ طلبہ کی سہولت کے لیے ریاست تلنگانہ میں مجموعی طور پر 125 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ شفاف اور پرامن طریقے سے امتحان کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے ۔ امتحانات روزانہ دو سیشن میں منعقد ہوں گے ۔ صبح کا سیشن صبح 9 سے دوپہر 12 بجے تک دوسرا سیشن سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک ۔ کنوینر ڈاکٹر کے وجئے کمار ریڈی نے واضح کیا ہے کہ وقت کی پابندی سختی سے نافذ ہوگی ۔ اگر کوئی امیدوار امتحان شروع ہونے کے وقت سے صرف ایک منٹ کی بھی تاخیر سے پہونچتا ہے تو اسے کسی بھی صورت میں امتحانی سنٹر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صبح کے سیشن کے لیے 7-30 بجے اور دوپہر کے سیشن کے لیے 1-30 بجے تک امتحانی مراکز پہونچ جائیں اور ساتھ ہی اپنے ساتھ ہال ٹکٹ ، کم از کم ایک اصلی فوٹو آئی ڈی کارڈ ( مثلاً آدھار کارڈ ) اور ایک بال پوائنٹ پین ضرور لائیں ۔ موبائل فون ، کلائی پر باندھنے والی گھڑی ، کیلکولیٹر اور کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات امتحانی ہال میں لانا سخت منع ہے ۔ امتحان ختم ہوتے ہی امیدوار اپنے حاصل کردہ نمبرات کمپیوٹر اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں ۔ تاہم حتمی رینکس کا اعلان نارملائزیشن کے عمل کے بعد فائنل (key ) کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔۔ 2/m/b