معاشی تنگدستی سے آٹو ڈرائیور کی خود کشی ، مالک مکان کا سفاکانہ رویہ
حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : ضلع کریم نگر سے ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس سے ایک طرف توہم پرستی نے انسانیت کا گلا گھونٹ دیا تو دوسری طرف ایک بے سہارا خاندان اپنوں کو کھونے کے بعد چھت سے بھی محروم ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب سریکانت نامی شخص جو آٹو ڈرائیور تھا کریم نگر کے ایک کرائے گھر میں مقیم تھا ۔ معاشی تنگدستی اور بچوں کی تعلیمی اخراجات جیسے مسائل سے پریشان سریکانت نے حال میں خود کشی کرلی ۔ شوہر کی موت نے بیوی اور بچوں کو پہلے ہی صدمے میں مبتلا کردیا تھا لیکن مکان مالک کے سفاکانہ رویے نے ان کی زندگی کو جہنم بنادیا ۔ خاندان کے سربراہ کی موت کے بعد مالک مکان نے ہمدردی کی بجائے توہم پرستی کا سہارا لیا ۔ انہوں نے خاندان پر یہ شرط عائد کردی کہ 12 دن کے کرما ( آخری رسومات کے مخصوص ایام ) مکمل ہونے تک وہ گھر میں داخل نہیں ہوسکتے ۔ اس جاہلانہ شرط کی وجہ سے بیوہ اور معصوم بچوں کو دربدر ہونا پڑا اور آخر کار انہوں نے شمشان گھاٹ میں پناہ لی ۔ پچھلے ایک ہفتے سے یہ خاندان شمشان گھاٹ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ ایک طرف جہاں نعشیں جلائی جارہی ہیں وہیں یہ خاندان شدید خوف و ہراس میں دن رات گذار رہا ہے ۔ سرچھپانے جگہ نہ ہونے کے باعث وہ سڑک سے گزرنے والوں سے مدد کی بھیک مانگ رہے ہیں ۔ اس واقعہ نے سماج کے پڑھے لکھے طبقے اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آج کے دور میں بھی توہم پرستی کس طرح غریب اور بے سہارا لوگوں کی زندگیوں کو مزید اجیرن بنا رہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری اس خاندان کی مدد کرے اور ایسے مالک مکان کے خلاف سخت کارروائی کرے جو انسانیت کے نام پر دھبہ ہے ۔۔ 2 k/b