توہین عدالت کے مرتکب یتی نرسنگھانند کیخلاف سماعت پر اٹارنی جنرل آمادہ

   

نئی دہلی: اٹارنی جنرل آف انڈیا کے کے وینو گوپال نے دھرم سنسد قائد یتی نرسنگھانند کے خلاف توہین عدالت معاملہ کی سماعت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ نرسنگھا نند نے ملک کے آئین اور سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز بیانات دیئے تھے۔ سماجی جہد کار شاچی نیلی کی جانب سے ایک مکتوب تحریر کئے جانے کے بعد نرسنگھانند کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ کی سماعت کے لیے آمادگی سامنے آئی ہے۔ 14 جنوری کو ٹوئٹر پر نرسنگھانند کی جانب سے قابل اعتراض بیانات ایک انٹرویو کے دوران دیئے گئے تھے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئے تھے۔ اٹارنی جنرل کے مطابق نرسنگھانند نے جو بیانات دیئے ہیں وہ یقینی طور پر ملک کے آئین اور سپریم کورٹ کی توہین کرنے کے زمرے میں آتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے نرسنگھانند کے بیانات کو دہرایا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ جو لوگ بھی اس ملک کے سسٹم، ملک کے سیاستدانوں، ملک کی سپریم کورٹ اور ملک کی فوج پر اعتماد کرتے ہیں وہ سب لوگ ایک دن کتے کی موت مارے جائیں گے۔ ان بیانات کو دہراتے ہوئے اٹارنی جنرل نے انہیں ملک کی عدلیہ کو عوام کی نظروں میں نیچا دکھانے کی کوشش قراردیا۔