جنوبی افریقہ کو پٹخنی دینے کے باوجود پاکستانی ٹیم کے نام درج ہوا یہ “شرمناک ریکارڈ”! ، پڑ سکتا ہے مہنگا

,

   

ورلڈ کپ 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے بلے بازوں اور گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقہ کو 49 رنوں سے پٹخنی دی ، مگر اس میچ بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ کافی معمولی نظر آئی اور انہوں نے کئی کیچز ڈراپ کردئے ۔ خراب فیلڈنگ کی وجہ سے پاکستان کے نام ایک نیا منفی ریکارڈ بھی درج ہوگیا ہے ۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی خراب فیلڈنگ کا اندازہ اس بات سے ہی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے سات کیچز ڈراپ کئے ۔ میچ میں تیز گیند باز محمد عامر کے ہاتھ 4 کیچز نہ آئے، وکٹ کیپر سرفراز احمد ، وہاب ریاض اور شاداب خان بھی کیچز نہ تھام سکے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے اگر سبھی کیچز پکڑ لئے ہوتے ، تو پاکستان جنوبی افریقہ کو اس سے بھی بڑے فرق سے ہرا سکتا تھا اور اس سے پاکستانی ٹیم کا رن ریٹ بھی بہتر ہوجاتا ۔ خیال رہے کہ پاکستان کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو سبھی میچوں میں کامیابی کے ساتھ ساتھ ہر حال میں اس کو اپنا رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا۔
ورلڈ کپ 2019 میں اگر میچز ڈراپ کرنے کی بات کریں تو پاکستان نے اب تک 14 کیچز ڈراپ کئے ہیں ۔ پاکستان اس فہرست میں ٹاپ پر ہے ۔   اس فہرست میں دوسرا نمبر میزبان ٹیم انگلینڈ کا ہے ، جس کے کھلاڑیوں نے 12 کیچز ڈراپ کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 9 ، جنوبی افریقہ نے 8 ، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 6 ، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش نے چار، چار، سری لنکا نے تین اور افغانستان کے فیلڈرز دو کیچ چھوڑے ہیں ۔ تاہم اس معاملہ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی سب سے شاندار رہی ہے اور اس نے اب تک صرف ایک ہی کیچ چھوڑا ہے ۔

ورلڈ کپ کے گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بازی کرتے ہوئے حارث سہیل اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کی بدولت 308 رن بنائے ، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نو وکٹ کے نقصان پر 259 رن ہی بنا سکا اور پاکستان نے 49 رنوں سے یہ میچ جیت لیا ۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض اور شاداب خان نے تین تین جبکہ محمد عامر نے دو وکٹ لئے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔