نئی دہلی، 11 ستمبر (یو این آئی) دہلی پولیس کی روہنی اسپیشل سیل نے دارالحکومت میں منظم جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ روہت گوڈارا گینگ کے خطرناک بدمعاش انکت کو ایک انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس اور ملزم کے درمیان یہ مڈبھیڑ جہانگیر پوری علاقے کے شاہ عالم بنڈ میں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کو انکت کی سرگرمیوں کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد انسپکٹر انوج نوٹیال کی قیادت میں پولیس ٹیم نے علاقے میں جال بچھایا۔ ملزم کو دیکھ کر ٹیم نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن انکت نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی فائرنگ کی جس میں انکت کے پیرمیں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی پکڑا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول، تین کارتوس اور ایک خالی خول برآمد کیا ہے ۔ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ انکت پر دہلی-این سی آر کے مختلف تھانوں میں قتل، جبراً وصولی اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے سلسلے میں کئی معاملات درج ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ انکت کی گرفتاری سے دارالحکومت میں سرگرم روہت گوڈارا گینگ کی سرگرمیوں کو سخت جھٹکا لگا ہے ۔ ملزم سے پوچھ گچھ جاری ہے اور پولیس اس کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے ۔ فی الحال زخمی بدمعاش کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، جہاں پولیس کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے ۔