جہانگیر پوری میں مزید کوئی کارروائی نہیں ہوگی: میئر

   

نئی دہلی۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر راجہ اقبال سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ میونسپل کارپوریشن سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرے گی اور تشدد سے متاثرہ جہانگیر پوری میں انسداد تجاوزات مہم شروع نہیں کرے گی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے دیگر علاقوں میں تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس بھیجے جائیں گے۔میئر کا یہ تبصرہ جمعرات کو سپریم کورٹ کی طرف سے قومی دارالحکومت کے تشدد سے متاثرہ جہانگیرپوری علاقے میں عمارتوں کو مہندم کرنے کے معاملے پر اگلے احکامات تک جمود کو برقرار رکھنے کی ہدایت کے بعد آیا ہے۔شمال مغربی دہلی کے جہانگیرپوری علاقے میں، بی جے پی کے زیر اقتدار این ڈی ایم سی نے، انسداد تجاوزات مہم کے ایک حصے کے طور پر، چہارشنبہ کو علاقے میں ایک مسجد کے قریب کئی پکے اور عارضی ڈھانچے کو توڑ پھوڑ کی تھی۔ سپریم کورٹ نے انہدامی کارروائی کے خلاف جمعیت کی درخواست کا نوٹس لینے کے بعد چہارشنبہ کو دو بار مداخلت کی تھی اور کارروائی کو روک دیا تھا۔سنگھ نے پی ٹی آئی سے کہا ہم سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کریں گے اور جہانگیر پوری میں مزیدکوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔سنگھ نے کہا میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میونسپل کارپوریشن قبضے کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔ ہم غیر قانونی تجاوزات کی نشاندہی کریں گے اور ان کو نوٹس بھیجیں گے اور ان پر کارروائی کریں گے۔ جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گاوائی نے جمعیتہ علماء ہند کی درخواست پر مرکزی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کیا۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فسادات کے مسلم ملزمان کی عمارتیں گرائی جارہی ہیں۔عدالت نے کہا کہ اگلے احکامات تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے۔ دو ہفتوں کے بعد معاملے کی فہرست بنائیں اور تب تک دلائل مکمل کر لیں۔سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ چہارشنبہ کو انہدام کی کارروائی کا سنجیدگی سے نوٹس لے گی جو شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) کے میئر کو اس کے حکم سے مطلع کیے جانے کے بعد بھی جاری رہی۔