تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عمل آوری
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو جیل ڈپارٹمنٹ کی مخلوعہ جائیدادوں پر اندرون دو ماہ تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرنے ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژنل بنچ نے حکومت سے کہاکہ اگر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تو فوری جاری کیا جائے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے ریاستی ہائی کورٹس کو متعلقہ ریاستوں کی جیلوں کی صورتحال اور خاص طور پر غیر انسانی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر ہائی کورٹ نے از خود مفاد عامہ کی درخواست کے طور پر سماعت کی۔ عدالت کے مطابق لیگل سرویسس اتھاریٹی کے ذریعہ جیلوں میں موجود ناقص انتظامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی جیسے اُمور کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ حکومت اور محکمہ جیل سے اس بارے میں وضاحت طلب کی گئی۔ حکومت کی جانب سے حلفنامہ داخل کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام جیلوں میں 5825 قیدی ہیں جبکہ مجموعی گنجائش 7270 قیدیوں کی ہے۔ حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں جاری کئے گئے مختلف ریکروٹمنٹ نوٹیفکیشن کا حوالہ دیا۔ عدالت نے عاجلانہ تقررات کی ہدایت دی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو احکامات دیئے ہیں ان پر سختی سے عمل کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے زیر دریافت قیدیوں کے مسائل، جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی اور خاتون قیدیوں اور ان کے بچوں کے مسائل اور قیدیوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کے بارے میں ہائی کورٹس کو جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ ر