حافظ قرآن سید زید صادق کی JEE Main 2026 میں تاریخی کامیابی

   

قرآن سینے میں اور آنکھوں میں IIT کا خواب، ہونہار طالب علم کی کامیابی مشعل راہ
حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناسک سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ ہونہار طالب علم اور حافظ قرآن سید زید صادق نے اپنی غیر معمولی محنت اور لگن سے تعلیمی میدان میں ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔ انہوں نے ملک کے معتبر ترین انجینئرنگ داخلہ امتحان JEE Main 2026 میں 99.927 پرسنٹائل حاصل کرکے دینی مدارس کو دہشت گردوں کے مراکز قرار دینے والوں کو نہ صرف منہ توڑ جواب دیا ہے بلکہ شہر اور اپنی برادری کا نام روشن کیا ہے۔ اشوکا کالج کے طالب علم سید زید صادق نے نہ صرف عصری تعلیم پر توجہ دی بلکہ دینی تعلیم میں بھی کمال حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مختص 15 سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ زید کی ابتدائی تعلیم دینی مدارس میں ہوئی جس کے بعد اسکول کے مصروف ترین شیڈول کے باوجود انہوں نے اپنی والدہ اور اساتذہ کی نگرانی میں گھر میں ہی حفظ مکمل کیا۔ سید زید صادق شروع سے ہی ایک ذہین طالب علم رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی دسویںجماعت میں 95 فیصد مارکس حاصل کئے تھے۔ اور اب JEE Main میں 99 پرسنٹائل سے زائد اسکور کرکے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ زید کا تعلق ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے ہے۔ وہ مرحوم سید ستار علی روشن کے پوتے ہیں جو ایک اسکول میں ہیڈماسٹر تھے۔ ان کی اس کامیابی میں ان کے والدین سید صادق اور سیدہ ذکیہ کی مسلسل محنت اور رہنمائی شامل ہے۔ اپنی اس شاندار کامیابی کے بعد زید صادق اب (JEE Advanced) کی تیاری میں مصروف ہیں اور ان کا خواب ہے کہ وہ ملک کے ممتاز تعلیمی ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (IIT) میں داخلہ حاصل کرنا ہے۔ اس عظیم کامیابی پر ناسک کے بشمول ملک بھر سے انہیں مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔ ان کی مثال یہ ثابت کرتی ہے کہ بہتر منصوبہ بندی اور توجہ کے ساتھ طلبہ بیک وقت دینی اور عصری علوم میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ 2؍F؍ /m/b