حج 2026 ، حج کیمپ اور ایرپورٹ کے انتظامات کو قطعیت

   

اسکیاننگ اور کسٹمس ایرپورٹ پر ہوگا، 24 گھنٹے قبل عازمین کو حج کٹ کی فراہمی
حیدرآباد ۔29۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے حج 2026 کے عازمین کیلئے حج ہاؤز اور ایرپورٹ پر انتظامات کو قطعیت دے دی ہے ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں انتظامات کو قطعیت دی ۔ جاریہ سال عازمین حج کیلئے امیگریشن ، کسٹمس اور بیاگیج اسکیاننگ کی سہولت حج ہاؤز کے بجائے ایرپورٹ پر حاصل رہے گی۔ سیکوریٹی انتظامات کے تحت وزارت شہری ہوا بازی نے عازمین حج کیلئے ایرپورٹ پر سرکاری امور کی تکمیل کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں حج ہاؤز میں حج کیمپ کے دوران ان تمام امور کی تکمیل کی جاتی رہی اور عازمین بورڈنگ کارڈ کے ساتھ ایرپورٹ روانہ ہوتے رہے۔ اس مرتبہ نئی شرائط کے تحت حج کمیٹی نے عازمین کو حج کیمپ میں 24 گھنٹے قبل طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں انہیں سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے کٹ حوالے کیا جائے گا جس میں اسماٹ واچ اور دیگر اشیاء شامل رہیں گی۔ عازمین کو سعودی عرب میں قیام کے دوران پابندیوں سے واقف کرایا جائے گا تاکہ حج کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہ رہے۔ حج کمیٹی نے فلائیٹ کا وقت سے 7 گھنٹے قبل حج ہاؤز سے خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کی روانگی کا انتظام کیا ہے اور ہر بس میں 30 عازمین اور ان کا بیاگیج ایرپورٹ منتقل کیا جائے گا جبکہ بورڈنگ کارڈ حج ہاؤز میں جاری کیا جائے گا۔ ایرپورٹ پر اسکیاننگ ، امیگریشن اور کسٹمس کے امور کی تکمیل ہوگی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ حج ہاؤز سے عازمین کا پہلا قافلہ 3 مئی کی رات 10.30 بجے روانہ ہوگا اور 4 مئی کی صبح پہلا قافلہ جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں عازمین حج کے بیاگیج کی اسکیاننگ کے سلسلہ میں حکام سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر عازمین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔1/k/m/b