خیرت آباد حلقہ میں ضمنی انتخاب ناگزیر، کے سی آر پھر چیف منسٹر بنیں گے: ہریش راؤ

   

کانگریس اراکین کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے ریاستی حکومت پر بدعنوانی کے الزامات
حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس جلد دوبارہ اقتدار میں واپس آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کا روزانہ تلنگانہ بھون پہنچ کر بی آر ایس میں شامل ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اب عوام کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور بی آر ایس کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی نااہلی کے بعد خیرت آباد اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخابات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی ادارہ یا سیاسی جماعت کی جانب سے کرائے جانے والے سروے کے نتائج یہی ظاہر کرتے ہیں کہ ریاست میں دوبارہ بی آر ایس کی حکومت تشکیل پائے گی اور کے سی آر ہی چیف منسٹر بنیں گے۔ انہوں نے کانگریس رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کے مبینہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پر بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی انیرودھ ریڈی نے ترقیاتی و تعمیری کاموں کی انجام دہی کے لیے 20 فیصد کمیشن کا ذکر کیا ہے۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ہی اراکین اسمبلی کے سوالات پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ 2