دلیپ صاحب آنے والی نسلوں کے دلوں میں ’شہزادے‘ کے طور پر زندہ رہیں گے: ڈاکٹر منموہن سنگھ

   

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہلیہ سائرہ بانو کو تعزیتی مکتوب ارسال کیا ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ دلیپ صاحب ہندوستانی سنیما کے ایک ایسے لیجنڈ تھے جو ہندی سنیما کے پرستاروں کی آنے والی نسلوں کے دلوں میں شہزادے کے طور پر زندہ رہیں گے۔ سائرہ بانو کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے لکھا، ہمارے پیارے دلیپ کمار کے سانحہ ارتحال کی خبر میرے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ دلیپ کمار صاحب، جنہیں بڑے پیار سے سنیما کے ’ٹریجڈی کنگ‘ اور ’دی فرسٹ خان‘ کے القاب سے نوازا جاتا تھا، انہیں ہندوستانی سنیما میں منفرد اداکاری متعارف کرانے کیلئے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے جہاں سب سے زیادہ ’بہترین اداکار‘ کے فلم فیئر ایوارڈز حاصل کرنے کا ریکاڈ قائم کیا، وہیں وہ اس ایورڈ کو حاصل کرنے والے پہلے شخص بھی تھے۔