دولت چند ممالک تک محدود، 9 ممالک میں بلینرس کی موجودگی

   

امریکہ 989 بلینرس کے ساتھ سرفہرست، ہندوستان میں 229 دولتمندترین افراد
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) کسی بھی ملک کی کمزور معیشت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہاں دولت مند افراد نہیں ہیں۔ ملک بھلے ہی معاشی طور پر کمزور کیوں نہ ہو لیکن بلینرس کی تعداد ضرور دکھائی دے گی۔ دنیا کے 9 ایسے ممالک کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بلینرس کی تعداد زیادہ ہے۔ کئی چھوٹے ممالک میں بلینرس کی تعداد قابل لحاظ پائی گئی ہے جو ان ممالک میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا ثبوت ہے۔ بلینرس کے معاملہ میں امریکہ دنیا میں سرفہرست ہے جہاں 989 بلینرس پائے گئے ہیں۔ چین 539 بلینرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان میں بلینرس کی تعداد 229 ریکارڈ کی گئی اور وہ تیسرے نمبر پر رہا۔ جرمنی میں 212 اور روس میں 147 بلینرس درج کئے گئے۔ کینیڈا 82 ، ہانگ کانگ 71 ، برازیل 70 اور تائیوان میں 66 بلینرس پائے گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق دنیا میں دولت مند ترین افراد صرف چند ممالک تک محدود ہیں اور ان کی ذاتی آمدنی اور دولت سے ملک اور عوام کو کوئی خاص فائدہ نہیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ حکومتوں کی سرپرستی میں کئی صنعت کار راتوں رات بلینرس بن گئے اور حکومتوں کی جانب سے انہیں صنعتوں کے قیام میں مراعات کے ذریعہ ان کی دولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ہندوستان بھلے ہی عالمی مالیاتی اداروں کا مقروض کیوں نہ ہو لیکن یہاں 229 بلینرس کی موجودگی باعث حیرت ہے۔ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان میں مودی حکومت کی جانب سے اڈانی اور امبانی کی جس انداز میں مدد کی گئی اس سے ہر کوئی واقف ہے۔ ملک کی دولت کو لوٹ کر دیگر ممالک میں پناہ لینے والے افراد کی واپسی کے لئے بھی سفارتی سطح پر کوئی خاص مساعی نہیں کی گئی جس سے عوام یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ ملک کو لوٹنے والوں کی حکومت سرپرستی کررہی ہے۔ 1؍F