دھان کی خریدی کا عمل تیز کرنے عہدیداروں کو اتم کمار ریڈی کی ہدایت

   

غیر موسمی بارش میں چوکسی کا مشورہ، ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔5 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے ریاست میں کسانوں سے دھان کی خریدی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسانوںکو غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں جو نقصانات ہوئے ہیں ، اس کے لئے مناسب امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات کئی اضلاع میں غیر موسمی بارش اور تیز ہواؤں کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلع انچارج منسٹرس ، ضلع کلکٹرس ، کمشنر سیول سپلائیز اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ اتم کمار ریڈی نے ویڈیو کانفرنس میں فصلوں کو نقصانات کا جائزہ لیا۔ دھان کی خریدی کے علاوہ ضلع کلکٹرس نے فصلوں کو ہوئے نقصانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کیلئے سرکاری مشنری کو متحرک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی حالات پر نظر رکھتے ہوئے کسانوںکی رہنمائی کی جانی چاہئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں ابھی تک 8575 خریدی مراکز کے ذریعہ 14 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی گئی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق کسانوں کے اکاؤنٹس میں 1365 کروڑ روپئے منتقل کئے گئے۔ ربیع سیزن کے لئے کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے نلگنڈہ اور نظام آباد میں فصلوں کو نقصانات پر رپورٹ طلب کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نلگنڈہ ، محبوب نگر ، کھمم کے علاوہ دیگر اضلاع میں غیر موسمی بارش اور تیز ہواؤں سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔ محبوب آباد ، سوریا پیٹ ، کھمم اور کتہ گوڑم میں بھی نقصانات کی اطلاع ملی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کسانوں سے خریدی گئی دھان فوری طور پر رائس ملز کو منتقل کی جائے تاکہ نقصان سے بچا جاسکے۔ انہوں نے آئندہ چار دنوں تک غیر موسمی بارش کی پیش قیاسی کے سبب عہدیداروں کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے انچارج وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ دھان کی خریدی کی شخصی طور پر نگرانی کریں۔ ویڈیو کانفرنس میں ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، ڈی سریدھر بابو ، کے لکشمن کمار ، پونم پربھاکر، وی سری ہری کے علاوہ کمشنر سیول سپلائیز اسٹیفن رویندرا نے شرکت کی۔1/k