دہلی کے وارروم اجلاس میں مدعونہ کرنے پر جگاریڈی نے شکوک کا اظہار کیا

   

حضورآباد میں کانگریس کا ووٹ بی جے پی کو تبدیل ہونے کا دعویٰ کیا، وینو گوپال کو مکتوب کے ذریعہ شکایت کی
حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی جگا ریڈی نے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں دہلی میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں مدعو نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ مکتوب میں حضورآباد کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کا ووٹ بی جے پی کو تبدیل ( شفٹ ) ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی حضورآباد میں پارٹی کے انچارج تھے باوجود اس کے دہلی کے وار روم میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے انہیں دور رکھا گیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ تین ماہ قبل ہی بی وینکٹ کو بحیثیت کانگریس امیدوار اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔ مقامی امیدوار کو ترجیح نہیں دی گئی۔ بی وینکٹ معاشی طور پر مستحکم نہ ہونے کا علم رکھنے کے باوجود ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نے انہیں امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے باوجود دونوں نے کانگریس امیدوار کو مالی امداد نہیں دی۔ کانگریس کا ووٹ بینک بی جے پی کو کیوں تبدیل ہوا اور اس کے ذمہ دار کون ہیں ۔ امیدوار کا اعلان کرنے میں تاخیر ہونے سے پارٹی کو شکست ہوئی ہے۔ یہی سوالات وہ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں کرچکے ہیں۔ پارٹی مفادات کی خاطر وہ میڈیا میں بات کرنے پر پارٹی کی چند ذمہ دار شخصیتوں نے اس کی مخالفت کی ہے۔ آج دہلی کے وارروم میں منعقد ہونے والے اجلاس کے بارے میں تمام معلومات باہر آرہی ہیں کیا یہ صحیح ہے، اس کے ذمہ دار کون ہیں۔ن