ذات ، مذہب کے نام پر نفرت کی کوشش ملک کیلئے نقصاندہ

   

ملکارجن کھرگے کے اسٹیج کو ’شدھی کرن ‘ کے نام پر گنگا جل سے صاف کرنے کے واقعہ کی مذمت ، سنگاریڈی میں کانگریس کا احتجاج
سنگاریڈی ۔ 18 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اُتراکھنڈ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی تقریر کے لیے بنائے گئے اسٹیج کو اگلے روز مبینہ طور پر ’شدھی کرن‘ کے نام پر گنگاجل سے صاف کیے جانے کے واقعہ کے خلاف سنگاریڈی میں کانگریس قائدین نے شدید احتجاج کیا۔ کانگریس نے اس اقدام کو سخت قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔کانگریس ایس سی سیل سنگاریڈی ضلع کے صدر گنگیری شری ہری کی قیادت میں احتجاجی ریالی نکالی گئی، جو آئی بی سے ایم ایل اے کیمپ آفس تک جاری رہی۔ بعد ازاں کیمپ آفس کے قریب واقع مہاتما جیوتی راؤ پھولے اور بابو جگجیون رام کے مجسموں پر پھول مالائیں چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔احتجاجی پروگرام میں اے آئی سی سی آبزرور دیپک راٹھور، ٹی پی سی سی ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی، ڈی سی سی صدر نرملہ جگا ریڈی، نیرلّہ شاردا، اور سری نواس سمیت کانگریس کے دیگر قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر اے آئی سی سی آبزرور دیپک راٹھور نے کہا کہ ملک سائنسی اور تکنیکی میدان میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے چاند تک پہنچ چکا ہے، لیکن اس کے باوجود دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات سامنے آنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملکارجن کھرگے کے دلت ہونے کی وجہ سے ہی اُن کی تقریر کے بعد اسٹیج کا ’شدھی کرن‘ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ذات اور مذہب کے نام پر عوام میں نفرت اور تفریق پیدا کرنے کی کوششیں ملک کے اتحاد و سالمیت کے لیے نقصان دہ ہیں۔دیپک راٹھور نے مزید کہا کہ کانگریس کارکنان ملک کے اتحاد، سالمیت، سماجی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی طلبہ، نوجوانوں اور سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد معاشرے میں اتحاد، باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔سنگاریڈی ضلع کانگریس صدر کے انتخاب کا عمل جاری دیپک راٹھور نے بتایا کہ کانگریس کے ’سنگٹھن سِرجن‘ پروگرام کے تحت سنگاریڈی ضلع کانگریس صدر کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزید 5 تا 7 دن ضلع میں قیام کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنان سے ملاقات کریں گے اور ان کی آراء حاصل کریں گے۔ تمام قائدین و کارکنان کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کانگریس صدر کے انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا۔کانگریس قائدین نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ ملک میں جمہوری اقدار، سماجی انصاف، مساوات، قومی اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔