رات دیر گئے ہوٹلس اور شاپس کی تجارت پر سخت کارروائی

   

ساؤتھ ویسٹ زون میں پولیس کی منصوبہ بندی ، اڈیشنل ڈی سی پی محمد اشفاق کا بیان

حیدرآباد /14 جنوری ( سیاست نیوز ) رات دیر گئے کاروباری سرگرمیوں ہوٹلس اور پان شاپس کے خلاف سٹی پولیس نے سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ شہر کے ساؤتھ ویسٹ زون میں کاروباری سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی پولیس کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ اور فوری اثر کے ساتھ سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ ویسٹ زون جناب محمد اشفاق نے ایک صحافتی بیان میں ہوٹلس اور پان شاپس مالکین کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ سادہ لباس میں پولیس کی جانب سے 12 بجے کے بعد کاروباری سرگرمیوں کی خفیہ ویڈیو گرافی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی پولیس کمشنر کی خصوصی ہدایت پر اقدام کیا جارہا ہے ۔ کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے والوں کے علاوہ متعلقہ حدود کے پولیس اسٹیشن ہاوز آفیسر کو بھی کارروائی کا نشانہ بنایا جائے گا ۔ اور ایسے عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو اپنے حدود میں گرفت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ کونسلنگ اور جرمانہ کے علاوہ پابند مچلکہ اور پھر جیل روانہ کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ رات 12 بجے کے بعد کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے والوں کے لائیسنس منسوخ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور علاقہ میں کسی بھی قسم کے جرم اور قتل کی واردات پر ان ہوٹل مالکین کو بھی مقدمہ میں شامل کیا جائے گا ۔ چونکہ رات دیر گئے کئی سرگرمیوں کے سبب ہی کاروباری اداروں ہوٹلس میں جرائم پیشہ افراد اور جرم کی سازش اور منصوبہ تیار ہوتے ہیں اور پولیس ہوٹل عملہ کے علاوہ ہوٹل مالکین کو بھی کارروائی کا حصہ بنائے گی ۔ انہوں نے ہوٹل مالکین کو مشورہ دیا کہ وہ مقررہ وقت کے اندر ہی اپنی کاروباری سرگرمیاں بند کریں ۔ ع