17 ملین کیلو میٹر احاطہ، کینیڈا اور امریکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر، ہندوستان دنیا کا ساتواں بڑا ملک
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) یوں تو دنیا کے طاقتور ممالک کا تعین فوجی طاقت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے لیکن رقبے کے اعتبار سے روس دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ دنیا کے زائد رقبے والے 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں روس سرفہرست ہے جبکہ کینیڈا اور امریکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ روس رقبے کے اعتبار سے 17.09 ملین کیلو میٹر پر محیط ہے جبکہ کینیڈا کا مجموعی رقبہ 9.98 ملین کیلو میٹر درج کیا گیا ہے۔ امریکہ 9.83 ملین کیلو میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ چین کا مجموعی رقبہ 9.59 کیلو میٹر درج کیا گیا ہے۔ زائد رقبے والے ممالک میں برازیل، آسٹریلیا، ہندوستان، ارجنٹائنا، قزاقستان اور الجیریا شامل ہیں۔ ہندوستان رقبے کے اعتبار سے دنیا کا 7 واں بڑا ملک ہے جو 3.28 ملین کیلو میٹر پر محیط ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زائد رقبہ کی صورت میں ممالک کو صنعتی اور زرعی شعبے کی توسیع میں مدد حاصل ہوتی ہے۔ روس میں زرعی شعبہ کافی مستحکم ہے اور وسیع تر رقبہ کے اعتبار سے بتایا جاتا ہے کہ غذائی اجناس اور دیگر ضروریات کی تکمیل اندرون ملک زرعی پیداوار سے ہوجاتی ہیں۔ بعض ممالک وسیع تر رقبے کے باوجود اندرون ملک پیداوار میں دیگر ممالک سے پیچھے ہیں اور غذائی اجناس کے لئے دیگر ممالک پر انحصار کرنا پڑرہا ہے۔ برازیل کا رقبہ 8.51 ملین کیلو میٹر درج کیا گیا جبکہ آسٹریلیا 7.69 ملین کیلو میٹر کے حساب سے دنیا کا چھٹواں سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔ ہندوستان کے بعد ارجنٹائنا، قزاقستان اور الجیریا کا شمار دنیا کے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ 1؍F