ریاستوں کے درمیان تہذیبی و ثقافتی تبادلے کی ضرورت : جشنو دیو ورما

   

راج بھون میں ایک بھارت شریشٹ بھارت تقریب، ناگا لینڈ کے یوم تاسیس پر نیک تمنائیں

حیدرآباد۔2 ڈسمبر ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے ایک بھارت شریشٹ بھارت مہم کے تحت راج بھون میں تقریب کا اہتمام کیا۔ ناگالینڈ ریاست کے قیام کے یوم تاسیس کے ضمن میں تقریب منعقد کی گئی۔ گورنر نے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یکم ڈسمبر 1963 کو ناگالینڈ کا قیام عمل میں آیا جو ملک کی 16 ویں ریاست تھی۔ گورنر نے ناگالینڈ کے عوام سے نیک خواہشات وابستہ کیں اور علحدہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین اور ان کی دوراندیشی کو خراج پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ریاستوں کے یوم تاسیس پر تقاریب کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب سے ریاستوں کے درمیان باہمی اتفاق رائے اور تہذیب و ثقافت کے تبادلے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناگالینڈ کی تہذیب اور ثقافت سے ہندوستان کے دیگر علاقوںکو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ناگالینڈ کی تہذیب کی عکاسی کرتے ہوئے مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے جس میں وہاں کے فنکاروں نے حصہ لیا۔ تقریب میں حیدرآباد میں سکونت پذیر ناگالینڈ کے شہریوں کے علاوہ راج بھون کے عہدیداروں اور اسٹاف نے شرکت کی۔ ایک بھارت شریشٹ بھارت مہم کے تحت قومی اتحاد اور تہذیبی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔1