بنڈی سنجے کا الزام، حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی
حیدرآباد۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی کے وقار کو مجروح کرنے کیلئے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش میں بی جے پی کو ملوث کرنے کی کوشش کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث وزیر سرینواس گوڑ کو بچانے کیلئے بی جے پی قائدین پر قتل کی سازش کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی قتل کی سیاست پر بھروسہ نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے نام پر جن افراد کو ریمانڈ کیا گیا ، انہوں نے انسانی حقوق کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ نرمل کے ٹی آر ایس قائد کی جانب سے کمسن لڑکی کی عصمت ریزی معاملہ میں پولیس نے بروقت کارروائی نہیں کی لیکن سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش کے نام پر دہلی پہنچ کر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ گرفتاریوں کی دہلی پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی کے ڈارئیور کو بھی گرفتار کیا گیا۔ جتیندر ریڈی کے پی اے نے دہلی پولیس میں شکایت کی ۔ سنجے نے کہا کہ ریمانڈ رپورٹ سے بی جے پی کے تعلق کو جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر شکست کے خوف سے ڈپریشن کا شکار ہیں۔ انہوں نے بدعنوان وزراء کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کا تحفظ کر رہے ہیں۔ ر
بنڈی سنجے نے کہا کہ بے بنیاد الزامات سے بی جے پی قائدین خوفزدہ نہیں ہوں گے اور حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ ر