ورنگل ۔6 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آل انڈیا یوتھ فیڈریشن (AIYF) ضلع ورنگل کونسل کی قیادت میں آج ورنگل کے پوچمّا میدان سینٹر، اقبال مینار پر بھارتی ریلوے میں 2 فیصد ملازمتوں میں کٹوتی (تقریباً 70,000 عہدے) کے خلاف پوسٹ کارڈ احتجاج منعقد کیا گیا۔ اس احتجاج کے ذریعے تقریباً تین لاکھ خالی آسامیوں کو فوری طور پر پْر کرنے اور زیر التوا آر آر بی (RRB) امتحانات کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم اور ریلوے وزیر کو 500 پوسٹ کارڈز بھیجے گئے، جن کے ذریعے نوجوانوں نے ریلوے ملازمتوں سے متعلق مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر اپنی تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ریاستی صدر ڈاکٹر سید ولی اللہ قادری نے کہا کہ بھارتی ریلوے میں کل 14,80,455 منظور شدہ عہدے ہیں، لیکن اس وقت صرف تقریباً 10 لاکھ ملازمین کام کر رہے ہیں، جبکہ 3 سے 4 لاکھ تک آسامیاں خالی ہیں۔ ایسی صورتحال میں ریلوے بورڈ کا 2 فیصد ملازمتوں میں کٹوتی (29,608 عہدے) کا فیصلہ سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب لاکھوں آسامیاں خالی ہیں تو انہیں پْر کرنے کے بجائے ملازمتوں میں کمی کرنا نوجوانوں کے مستقبل پر براہ راست حملہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب خالی آسامیاں موجود ہیں تو بھرتیاں کیوں نہیں کی جا رہیں؟ آر آر بی کے نتائج اب تک کیوں زیر التوا ہیں؟ ملازمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے کمی کیوں کی جا رہی ہے؟ کیا یہ اصلاحات ہیں یا روزگار کا خاتمہ؟اے آئی وائی ایف کے نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی ریلوے کی تمام خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے،2 فیصد ملازمتوں میں کٹوتی کے فیصلے کو فوراً واپس لیا جائے،آر آر بی امتحانات کے نتائج فوری طور پر جاری کیے جائیں،نوجوانوں کیلئے مستقل روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں،اے آئی وائی ایف نے خبردار کیا کہ اگر ان نوجوان مخالف پالیسیوں کو فوری طور پر واپس نہیں لیا گیا تو ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔اس پروگرام میں اے آئی وائی ایف ضلع ورنگل کے سیکریٹری مسکا سدھیر، جگدیش، متین، ایم ڈی ابو، یوسف، رمیش اور دیگر نے شرکت کی۔