حیدرآباد۔ /31 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست میں سرپنچوں کی میعاد میں توسیع کیلئے حکم التواء جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ریاست میں گرام پنچایتوں کے سرپنچوں کی میعاد 31 جنوری کو ختم ہوچکی ہے۔ سرپنچوں اور ان کی تنظیموں نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور گرام پنچایتوں کو خصوصی اختیارات کے تحت مقررہ وقت پر انتخابات منعقد کرنے کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست کی۔ سرپنچوں کی جانب سے پٹیشن دائر کرتے ہوئے عدالت سے مداخلت کی اپیل کی گئی۔ عدالت سے اپیل کی گئی کہ اگر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہیں تو سرپنچوںکی میعاد میں توسیع کرتے ہوئے خصوصی عہدیدار کے تقرر سے گریز کیا جائے۔ خصوصی عہدیدار کے تقرر پر حکم التواء سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے چار ہفتے بعد آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ سرپنچوں کی تنظیموں نے میعاد کی تکمیل کے فوری بعد انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اسپیشل آفیسرس کے تقرر کی مخالفت کی گئی۔ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں فوری مداخلت سے انکار کرتے ہوئے چار ہفتے بعد سماعت مقرر کی ہے۔1