بینکاک، 14 مئی (آئی اے این ایس) دو مرتبہ کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو اور تھامس کپ کے برونز میڈلسٹ جوڑی ساتوک سائی راج رانکی ریڈی اور چراگ شیٹی نے جمعرات کو یہاں جاری بی ڈبلیو ایف سوپر500 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ تھائی لینڈ اوپن میں اپنی دوسری فتوحات حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ دنیا کی نمبر 12کھلاڑی سندھو نے ڈنمارک کی شٹلر امالی شولزکو صرف 28 منٹ میں 13-21، 15-21 سے راست گیمز میں آسانی کے ساتھ شکست دی۔ اس ٹورنمنٹ میں یہ سندھو کی مسلسل دوسری راست گیمز میں کامیابی تھی۔ اس سے قبل سابق عالمی چمپئن نے افتتاحی راؤنڈ میں چائنیز تائپے کی تنگ چیاؤ ٹونگ کو 9-21، 12-21 سے ہرایا تھا۔ اب سندھو کوارٹر فائنل میں جاپان کی موجودہ عالمی چمپئن اکانے یاماگوچی کا سامنا کریں گی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک کے ریکارڈ میں ہندوستانی اسٹارکو 13-15 کی برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب ساتوک اور چراگ نے ملائیشیا کی جوڑی برائن جیریمی گونٹنگ اور محمد کو 12-21 اور 19-21 سے راست گیمز میں شکست دی۔ یہ دونوں جوڑیوں کے درمیان کیریئر کی پہلی ملاقات تھی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ساتوک اور چراگ ڈرا میں واحد ٹاپ سیڈ جوڑی ہیں، جنہیں اس ٹورنمنٹ میں پہلے بھی کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔ وہ 2019 اور 2024 میں یہ خطاب جیت چکے ہیں۔ اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ان کا مقابلہ جاپان کی چھٹی سیڈ جوڑی تاکومی نومورا اور یوئیچی شموگامی سے ہوگا۔ ٹاپ سیڈ ہندوستانی جوڑی نے، جو تھامس کپ میں ہندوستان کے برونز میڈل کے بعد اس ٹورنمنٹ میں شریک ہوئی، ابتدا میں انڈونیشیا کے مح پوترا ارویانشاہ اور باگاس مولانا کو 19-21، 23-21، 10-21 سے شکست دی تھی۔ علاوہ ازیں لکشیا سین، کدامبی سری کانت، مالویکا بانسوڈ اور تھائی لینڈ ماسٹرز 2026 کی چمپئن دیویکا سہاگ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ افتتاحی راؤنڈ میں سری کانت نے سنگاپور کے آٹھویں سیڈ لوہ کین یو کو 14-21، 15-21 سے راست گیمز میں اپ سیٹ شکست دی۔ تھامس کپ میں صحت یابی کے بعد واپسی کرنے والے لکشیا سین نے سنگاپور کے جیا ہینگ جیسن تہ کو 43 منٹ میں 16-21، 17-21 سے شکست دی۔