سنگاریڈی میں آر ٹی سی ملازمین کا شدید احتجاج

   

خانگی ڈرائیورس کے ذریعہ چلائی جانے والی بسوں کو روکنے کی کوشش پر کشیدگی
سنگاریڈی 23 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آر ٹی سی ہڑتال کے دوسرے دن بھی احتجاج جاری ہے۔ سنگاریڈی کے نیو بس اسٹینڈ ڈپو کے قریب آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بھی شدت کے ساتھ جاری رہی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آر ٹی سی کے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے وعدہ کیا تھا کہ آر ٹی سی کے مسائل حل کیے جائیں گے، لیکن اب تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے خانگی (پرائیویٹ) ڈرائیورز کے ذریعے بسیں چلانے کے اقدام پر بھی سخت اعتراض کیا اور ایسی بسوں کو روکنے کی کوشش کی۔صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب کچھ مظاہرین نے خانگی ڈرائیورز کی بسوں کو روکنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی ستیہ پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ آر ٹی سی یونین کے اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال ہی حکومت کو مسائل کے حل پر مجبور کرے گی۔ واقعے کے دوران بڑی تعداد میں پولیس تعینات کیے گئے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔