سیاست اور ملت فنڈ کا آج رشتوں کا دوبہ دو پروگرام

   

سینکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتے دستیاب، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے

حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز ) سیاست و ملت فنڈ کے زیر اہتمام مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کی انجام دہی کے لئے رشتوں میں آسانی پیدا کرنے والدین اور سرپرستوں کا 108 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام اتوار 7 نومبر کو 10 بجے دن تا 4 بجے شام کشش کنونشن، میٹرو ریلوے اسٹیشن، پلر نمبر 1061 ، مشیرآباد حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر اس پروگرام کے دونوں شہروں میں انعقاد میں تاخیر ہوئی ہے جس کی وجہ سے والدین مضطرب تھے جس پریہ پروگرام شہر کے مرکزی مقام مشیرآباد میں رکھا گیا ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ صدارت کریں گے جبکہ جناب سید نعیم الدین پروپرائٹر کشش کنونشن، جناب امجد کرسٹل انفرا منیجنگ ڈائرکٹر، جناب محمد فاروق کرسٹل انفرا چیرمین بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جناب سید خالد محی الدین اسد کواڈوائزر پروگرام نے بتایا کہ کشش کنونشن میں اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں، جس میں والدین کو حسب سابق پروگرامس کی طرح رشتوں کے طئے کرنے میں آسانیاں اور والدین سے باہمی مشاورت کے لئے راہیں ہموار کی جائیں گی۔ اس کیلئے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے مختلف کاؤنٹرس ترتیب دیئے جائیں گے جن میں قابل ذکر میڈیسن اور انجینئرنگ، پوسٹ گریجویشن، ایم بی اے، ایم سی اے ، ایم ایس سی، گریجویشن، بی اے ، بی کام، بی ایس سی، بی ایڈ ، انٹر و ایس ایس سی ، عالم، حافظ و فاضل کے علاوہ عقد ثانی اور تاخیر سے شادی، معذورین کیلئے سینکڑوں رشتے دستیاب رہیں گے۔ والدین رجسٹریشن کروانے کے بعد اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن فیس 250 روپئے مقرر کی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے وقت ہی لڑکا اور لڑکی کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا دینا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ والدین سے بات چیت کیلئے ان کے ہمراہ مزید بائیو ڈاٹاس و فوٹوز کی کاپیز ہونا بے حد ضروری ہے تاکہ اس کی مدد سے بات چیت کی جاسکے ۔ والدین پروگرام میں ماسک اور سنیٹائزر ساتھ رکھیں۔ پروگرام میں کمپیوٹر سیکشن رہے گا جس کی مدد سے لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین کو رشتوں کے انتخاب ، فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کمپیوٹر کی مدد سے بتایا جائے گا۔پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت مہیا رہے گی۔ واضح رہے کہ اس انوکھے دو بہ دو ملاقات پروگرام نے ایک تاریخ رقم کی ہے اور عملی طور پر بتادیا کہ کس طرح آسان و سہل انداز سے رشتے طئے کئے جاسکتے ہیں۔ سیاست اور ملت فنڈ کے تعاون و اشتراک سے ہونے والا یہ دو بہ دو ملاقات پروگرام والدین کی بے چینی و بے تابی کو دور کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے انتخاب میں بھرپور تعاون کررہا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ خالصتاً یہ پروگرام خدمت خلق کی بنیادوں پر 108 ویں منزلیں طئے کرتے ہوئے رواں دواں ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9848004353 یا 9391160364 پر ربط کریں۔