حیدرآباد : یکم / مئی (سیاست نیوز) مسٹر سی وی آنند نے تلنگانہ ڈی جی پی کی حیثیت سے آج جائزہ حاصل کرلیا ۔ روایتی انداز میں اعلیٰ عہدیداروں نے نئے ڈی جی پی کا استقبال کیا ۔ وید پنڈتوں کی موجودگی میں دستخط کے بعد سی وی آنند نے کہا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس نئی ذمہ داری پر چیف منسٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک میں نمبر ایک پولیس کا مقام رکھنے والی تلنگانہ پولیس کے وقار میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ڈی جی پی آنند نے کہا کہ پولیس نظام میں مزید بہتری پیدا کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کوہدایت دی کہ وہ امن و ضبط کی برقراری پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔ مقدمات کی یکسوئی میں ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے اور اس میں تلنگانہ پولیس ملک میں سرفہرست مقام رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رات میں گشت میں اضافہ کیا جائے گا اور تبدیلیاں لائی جائیں گی ۔ سائبر جرائم پر ڈی جی پی نے کہا کہ ضلع ایس پیز کو چاہئیے کہ وہ کارروائی کریں ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ منشیات کے خاتمہ کیلئے ایگل نارکوٹک سیل کو قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں منشیات کی روک تھام اور خاتمہ کو اہمیت دی جائے گی ۔ ٹریفک پر ڈی جی پی نے کہا کہ جلد ریاستی سطح پر ٹریفک مینجمنٹ اینڈ روڈ سیفٹی بیورو کو قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور اطفال کے تحفظ بردہ فروشی ایک منظم جرائم کی شکل اختیار کرگئے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس میں اصلاحات کا اشارہ دیا ۔ تربیت میں تبدیلی اور محکمہ میں اے آئی کے استعمال کو لازمی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کیلئے سفارش کی جائے گی ۔ پولیس عہدیدار اور ڈی جی پی کے افراد خاندان موجود تھے ۔ عY/