سی پی آئی کی ’بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ‘ مہم کا 14 اپریل سے آغاز

   

اسمبلی حلقہ جات میں پد یاترا کا منصوبہ، 15 مئی تک مہم چلانے نارائنا کا اعلان
حیدرآباد۔10۔اپریل (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ اڈانی کی سرگرمیاں وزیراعظم نریندر مودی کی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن ، نئی ریلویز ، پورٹ اور عوامی شعبہ کے ادارہ اڈانی کے حوالے کئے جارہے ہیں۔ سی پی آئی کی جانب سے ’’بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ‘‘ نعرہ کے ساتھ 14 اپریل تا 15 مئی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر نارائنا نے اس مہم سے متعلق پوسٹر جاری کیا۔ عوام کو بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے واقف کرانے کیلئے سی پی آئی کی قومی قیادت نے ملک گیر سطح پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ پد یاترا کے تحت عوام سے ملاقات کی جائے گی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کے ہمراہ کے نارائنا نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی قومی سطح پر بی جے پی کی پالیسیوں کا مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایس این ایل جو 15 لاکھ کروڑ کے اثاثہ جات رکھتی تھی، وہ گھٹ کر 35 کروڑ کے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی تعلیمی ڈگری کے بارے میں گمراہ کن اطلاعات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی اور مودی کے روابط سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ نارائنا نے کہاکہ بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ نعرہ کے تحت گاؤں گاؤں پہنچ کر سی پی آئی قائدین عوام سے ملاقات کریں گے ۔ حیدرآباد میں ٹینک بنڈ پر امبیڈکر مجسمہ کے قریب اس پروگرام کا 14 اپریل کو آغاز ہوگا۔ یہ یاترا حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریگی۔ ر