شرمیلا کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات ، بیٹے کی شادی میں مدعو

   

راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے پر ملک سے فرقہ پرستی کا خاتمہ ہونے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کی قائد شرمیلا نے آج حیدرآباد میں چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور اپنے فرزند کی شادی کا رقعہ پیش کرتے ہوئے انہیں شادی میں مدعو کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ نائیڈو سے ان کی خیرسگالی ملاقات تھی۔ وہ اپنے فرزند کی شادی میں مدعو کرنے کیلئے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرچکی ہیں۔ ملاقات کے پیچھے کوئی سیاسی وجوہات نہیں ہے۔ جس طرح چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی اور ساتھ ہی کے ٹی آر، ہریش راؤ وغیرہ سے ملاقات کی گئی اس طرح چندرا بابو نائیڈو سے بھی ملاقات کی گئی۔ ملاقات میں سیاسی امور پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا۔ چندرا بابو نائیڈو نے میرے والد آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے ساتھ اپنے سیاسی روابط اور تعلقات پر روشنی ڈالی۔ کرسمس کے موقع پر چندرا بابو نائیڈو اور نارالوکیش کی جانب سے انہیں دی گئی مبارکباد کو سیاسی نظر سے نہ دیکھنے کا میڈیا کو مشورہ دیا۔ کانگریس پارٹی میں ان کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ کانگریس ملک کی سب سے بڑی سیکولر جماعت ہے۔ میرے والد آنجہانی راج شیکھر ریڈی راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کا خواب د یکھا تھا ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئی ہیں۔ وہ کانگریس پارٹی کی رکن ہے۔ کانگریس پارٹی انہیں جو بھی ذمہ داری دے گی وہ اس کو بخوبی نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔ راہول گاندھی کے وزیراعظم بننے کے بعد ہی ملک سے فرقہ پرستی کا خاتمہ ہوگا۔2