آئی آئی سی ڈی کی دعوت افطار سے ظہیر الدین علی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 4۔اپریل(سیاست نیوز) آئی آئی سی ڈ ی کے زیر اہتمام کئی برسوں سے جسمانی وذہنی معذور بچوں کے لیے ہر لحاظ سے جو تعاون کیا جارہا ہے وہ بے مثال ہے۔جس کے لیے سیاست نے بھی حتی المقدورکوشش کی کہ ان کا تعلیمی ودیگرامورمیں تعاون کیاجائے۔ بالخصوص ان طلباء وطالبات کورشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لیے شہرمیں دوبدو ملاقات پروگرام رکھے گئے جس کے ثمرآور نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ رمضان کے بعدان معذورین کے لیے شہرمیں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہارجناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹرروزنامہ سیاست نے آئی آئی سی ڈی کی جانب سے ایڈن گارڈن کنگ کوٹھی پردعوت افطار سے کیا۔جس میں نابینا،گونگے بہرے اور معذورافراد ونوجوان مردوخواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے ادارہ کومبارکبادپیش کی اور کہا کہ بڑے صبروہمت کے ساتھ ان معصوم بچوں کی طبی،تعلیمی ضرورتوں کے علاوہ ان کی صحت کی بہتری کے لیے تعاون کیاجارہا ہے۔انہوں نے افطار سے قبل ان معصوم بچوں (نابینا ، گونگے بہرے) کاتعلیمی مظاہرہ دیکھا اورششدرہوگئے۔ واضح رہے کہ جناب ظہیرالدین علی خان کی اس ادارہ سے وابستگی گذشتہ6تا8سال پر مشتمل ہے۔جناب عامرشکیل رکن اسمبلی بودھن نے ادارہ آئی آئی سی ڈی کے ذریعہ جو طلباء وطالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں ان کے مظاہرہ کو دیکھ کرانتظامیہ کومبارکباد دی اور کہا کہ میں نے اپنی 25سالہ سیاسی زندگی میں اس طرح کا منظم ادارہ نہیں دیکھا۔اس پرمسرت کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے اُسی وقت اپنے والد کے ایصال ثواب کے لیے 11لاکھ روپے کی اعانت کااعلان کیا۔ جیسے ہی افطارکا وقت قریب آیا جناب عامرشکیل فوری اپنی نشست سے اُٹھ کران معصوم نابینا اور گونگے بہرے بچوں کے ہمراہ روزہ افطارکرنے کے لیے بیٹھ گئے۔ان کی اس محبت وخلوص کو دیکھ کربچوں نے بھی مسرت کا اظہارکرتے ہوئے انہیں دُعائیں دیں۔مولانا حامد محمد خاں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہمیں ان معذور طلباء و طالبات کو ہمت وحوصلہ دینا اور ہر قسم کا تعاون کرنا چاہئے تاکہ یہ بچے کسی بھی طرح کے احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔ اللہ تعالیٰ بھی ہم سے راضی ہوگا۔ اس موقعہ پر جناب نویدالرحمن سکریٹری آئی آئی سی ڈی نے تمام کا خیرمقدم کیا۔جناب حافظ محمد رشادالدین ناظم شہرجماعت اسلامی ہند حیدرآباد و چیرمین آئی آئی سی ڈی،محمدعبدالعظیم چیرمین الحامدفاؤنڈیشن’ جناب محمد خلیل الرحمن نائب صدر ‘ جناب غلام معین الدین کے علاوہ جناب سیدصلاح الدین داور ، ڈائرکٹر فالکن پبلیشر’جناب سیدتبریز بخشی پروگرام آرگنائزر ، امیر مقامی بودھن جناب عابد فاروقی،یوسف حسن ظہیرعرفان منیارو دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء نے مکالمہ و ڈرامے بھی پیش کئے۔ پرنسپل آئی آئی سی ڈی جناب مشتاق اطہرنے پروگرام کی کاروائی چلائی اورمہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرروزہ داروں کے علاوہ برادران وطن اورمعذورین کی کثیرتعداد شریک رہی۔