صحت عامہ کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کی ہدایت

   

جوگی پیٹ ایریا ہاسپٹل میں فرضی ڈاکٹر کی خدمات پر برہمی، سنگاریڈی میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس، ریاستی وزیر ڈی نرسمہا کا خطاب

سنگاریڈی۔ 7 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر برائے طبی و صحت دامودر راج نرسمہا کی صدارت میں ضلع کلکٹر کے دفتر سنگاریڈی میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحت، تعلیم، آبپاشی، پینے کے پانی، زراعت، ریونیو اور خواتین و اطفال کی بہبود سے متعلق مختلف ترقیاتی پروگراموں اور ان پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں وزیر صحت نے ضلع میں طبی اور صحت عامہ کی خدمات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس دوران جوگی پیٹ ایریا اسپتال میں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کی جگہ ایک فرضی ڈاکٹر کے خدمات انجام دینے کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیف ہیلتھ سروسز اور اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ سے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی ہدایت دی۔ ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر نے اجلاس میں کَنکول اور سنگیتم پرائمری ہیلتھ سینٹروں کے افتتاح کے بارے میں معلومات پیش کیں۔ وزیر نے بردی پور، سلطان پور اور نیرڈی گنٹا کے پی ایچ سی عمارتوں کی تعمیراتی سرگرمیوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر صحت نے ضلع میں موسمی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات، ڈینگی، ملیریا اور چکن گنیا کے درج شدہ کیسز کی تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اسپتالوں میں ادویات، طبی آلات، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر ضروری سہولیات ہر وقت دستیاب رہنی چاہئیں۔ انہوں نے سنگاریڈی نرسنگ کالج، پٹن چیرو سپر اسپیشلٹی اسپتال اور ظہیرآباد مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ اسپتال کو جلد از جلد عوام کے لیے شروع کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس کے علاوہ سنگاریڈی گورنمنٹ جنرل اسپتال اور میڈیکل کالج میں طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سی ایم ایس مراکز کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ مریضوں کو تمام ضروری ادویات بروقت دستیاب رہیں۔تعلیم کے شعبے کے جائزے کے دوران ضلع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) نے بتایا کہ ضلع میں تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں اور تمام سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل اسکیم مؤثر طریقہ سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کندی، پٹن چیرو اور سنگاریڈی منڈلوں میں طلبہ کو ناشتے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں ضلع کے سرکاری ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی بہبود کے ہاسٹلوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ راشن کارڈوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر نے بتایا کہ رواں ماہ کی 15 تاریخ کو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے سنگاریڈی ضلع کے دورے کے پیش نظر نئے راشن کارڈوں کی تقسیم کے پروگرام کی تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔پینے کے پانی کی فراہمی کے حوالے سے وزیر نے منجیرا اور سنگور آبی ذخائر میں پانی کی سطح کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بورنچا اور بھوچاریڈی پلی انٹیک ویل کے ذریعے پانی کی فراہمی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مستقبل میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے۔