ناگرکرنول۔5مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منگل کے روز ناگر کرنول اسمبلی حلقہ کے تحت تادور منڈل کے گنتہ کوڈورو گاؤں میں جاری قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت فیڈر چینل کی صفائی (پُڈیکل نکالنے) کے کاموں کا ضلع کلکٹر ہیمنت کیشو پاٹل نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل اور کام کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کلکٹر نے ہدایت دی کہ مزدور صبح 6 بجے ہی کام کی جگہ پہنچیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مزدوروں کی اجرت کی ادائیگی میں تاخیر نہ ہو اور متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس اسکیم کے ذریعے مزدوروں کو مستحکم آمدنی حاصل ہو۔کلکٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ ہر مزدور کو مناسب اجرت اور کام کے دن فراہم کیے جائیں، فیڈر چینل کے کام مکمل ہونے کے بعد گاؤں میں آئندہ کاموں کی منصوبہ بندی کی جائے اور مزدوروں کو سہولت کے مطابق کام تفویض کیے جائیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ پی ڈی DRDO چنّا اوبولیسا، منڈل کے عہدیداران اور روزگار ضمانت اسکیم کا عملہ موجود تھا۔