محلہ جات میں ہفتہ واری بازار سے بھی ٹریفک مسائل بازار میں وصولیوں کی شکایت
حیدرآباد۔28 اپریل ۔ شہر کے مختلف مقامات پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فٹ پاتھ پر قبضہ جات کی برخواستگی کیلئے مہم چلائی جا رہی ہے لیکن دونوں شہروں کے مختلف محلہ جات میں ہفتہ واری بازاروں کے سبب شہریوں اور ٹریفک کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں۔ کئی محلہ جات و مصروف سڑکوں پر ان بازاروں پر حکومت سے کوئی اجازت فراہم نہیں کی جاتی ہے اور اگر کی جاتی ہے تو ان ہفتہ واری بازاروں میں بے ترتیبی اور بے ڈھنگے انداز میں ٹھیلہ بنڈیوں اور دوکانوں کے خلاف بھی کارروائی کے علاوہ جن علاقوں میں ہفتہ واری بازار لگائے جا رہے ہیں ان میں ٹریفک اور لاء اینڈ آرڈر پولیس کے انتظامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ان بازاروں میں گہما گہمی اور بازار میں ْبری وصولیوں پر قابو پانے اقدامات کئے جاسکیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ زراعت و مارکٹنگ کو پہلے ان بازاروں کے متعلق وضاحت کرنی چاہئے کہ آیا یہ بازارحکومت یا کسی محکمہ کی اجازت کے ساتھ لگائے جا رہے ہیں یا نہیں اگر حکومت کی اجازت سے لگائے جا رہے ہیں تو ان بازاروں اور علاقوں کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری کی جانی چاہئے ۔