فیشن کے میدان میں کھادی کی بھی اہمیت ہوگی

   

لکھنو: سودیسی،خود انحصاری، عزت نفس اور خود کے روزگار کا ذریعہ مانے جانے والی کھادی جلد ہی فیشن کے شعبے میں اپنی دمدا رموجودگی درج کرائے گی۔ خوبیوں اور امکانات سے بھرپور کھادی کو ایک نئے رنگ میں پیش کرنے کے لیے اتر پردیش کی یوگی حکومت نے کمر کس لی ہے ۔ اب کھادی صرف کپڑوں تک محدود نہیں رہے گی۔ جوتے ، بیگ، فینسی پرس وغیرہ بھی کھادی کپڑوں کے ذریعے بنائے جائیں گے ۔ کھادی کے کپڑوں کو دلکش شکل دے کر ان کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لیے اس کام میں یوگی حکومت ملک کے نامور فیشن ڈیزائنرز اور اس سے متعلقہ اداروں (نفٹ) کی مدد لے گی۔کھادی اور دیہی صنعت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نونیت سہگل نے چہارشنبہ کو کہا کہ سوت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کھادی پروڈکشن مراکز کی ٹیکنالوجی کو جدید بنایا جائے گا۔ حکومت بڑے پیمانے پر سولر چرخے بھی تقسیم کرے گی۔ جن لوگوں کو یہ چرخے دیئے جائیں گے انہیں اسے چلانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔ مجموعی طور پر محکمہ نے اگلے پانچ سالوں میں5000 سولر چرخے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔