100 انجیکشنس میں 43 کے استعمال کا شبہ ، سمیر ہاسپٹل کے انیستھیٹسٹ کے مکان سے 57 انجیکشنس برآمد
حیدرآباد : /21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹکس بیورو (ٹی ایس اے این بی) کی جانب سے راجندر نگر میں حالیہ فینٹنائل ریاکٹ میں تحقیقات نے عہدیداروں کو آصف نگر میں واقع سمیر ہاسپٹل پہنچادیا ۔ عہدیداروں نے پانچ اشخاص بشمول اس ہاسپٹل کے چیرمین ، ڈائرکٹر ، دو فارماسٹس اور منیجنگ پارٹنر میڈی کیر فارما ڈسٹری بیوٹرس پرائیویٹ لمیٹیڈ کو گرفتار کیا ۔ عہدیداروں نے دیکھا کہ سمیر ہاسپٹل کے پاس این ڈی پی ایس (نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسیس ) لائیسنس ۔ II نہیں تھا ۔ حالانکہ یہ معلوم تھا کہ اس دواخانہ کے پاس درکار لائیسنس نہیں تھا پر بھی میڈی کیر فارما ڈسٹری بیوٹرس کی جانب سے اس ہاسپٹل کو نارکوٹک ڈرگس فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ غیرقانونی طور پر رقم حاصل کی جائے ۔ ایک ٹول فری نمبر پر وصول ہونے والے ایک اشارہ پر اس معاملہ میں تحقیقات شروع ہوئی کہ ایک انیستھیٹسٹ اور اس کی بیوی ایک ڈاکٹر کو فینٹنائل فراہم کررہے تھے جو اس کا عادی تھا ۔ لیکن اس وقت وہ ڈاکٹر کویت میں ہے ۔ پولیس کے مطابق وہ سمیر ہاسپٹل میں ایک انیستھیٹسٹ ہے اور شبہ ظاہر کیا کہ وہ ہاسپٹل کی فارمیسی سے ڈرگ حاصل کررہا تھا ۔ گرفتار شدہ اشخاص ہیں ۔ شعیب سبحانی ، چیرمین سمیر ہاسپٹل ، عبدالمجیب ، ڈائرکٹر ، ان کے ساتھ دیگر دو ساتھی فارماسسٹ سید نصیرالدین اور ایک سیلس ایگزیکٹیو کم فارماسسٹ ظفر ، پولیس نے کہا کہ مفرور ملزم احسن مصطفے خان نے جی سرینواس منیجنگ پارٹنر میڈی کیر فارما ڈسٹری بیوٹرس ، ہمایوں نگر کے ساتھ سازباز کرکے کسٹمرس کو 5 ہزار روپئے قیمت پر فینٹنائل سائٹریٹ انجیکشن ایمپولس فروخت کررہا تھا ۔ اس ڈرگ کو حاصل کرنے کیلئے ملزم نے جعلی ڈاکٹر کی چٹھیاں تیار کرکے میڈی کیر فارما ڈسٹری بیوٹرس سے ڈرگس سپلائز حاصل کیا ۔ سرجیکل آنکولوجسٹ شیخ سلیم کی دستخط سے /22 ڈسمبر 2023 ء کو 20 جعلی ڈاکٹر کی چٹھیوں کے لئے 100 فینٹنائل انجیکشنس وصول ہوئے ۔ یہ انجیکشنس حاصل کئے گئے لیکن فارمیسی رجسٹر میں اس کی کوئی انٹری نہیں تھی ۔ ہاسپٹل منیجمنٹ نے کہا کہ 100 میں 17 انجیکشنس استعمال کئے گئے جب پولیس نے کیس شیٹس کی جانچ کی تو مریضوں کو یہ 17 دوائیں دینے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور یہ بھی دیکھا گیا کہ کسی مریض کو فینٹنائل دینے کا بل نہیں دیا گیا ۔ ڈاکٹر احسن مصطفٰے خان کے مکان پر /6 جنوری کو یہ انجیکشنس کا مزید پتہ چلا جنہیں فینٹنائل کے 100 انجیکشنس موصول ہوئے تھے جس میں 57 کو برآمد کیا گیا جبکہ 43 کو شبہ ہے کہ منشیات کے عادی لوگوں نے استعمال کیا ہوگا ۔