مئی ڈے کے موقع پر گیگ ورکرس کو تحفہ ، گورنر نے بل کو منظوری دے دی

   

ریاست کے 4.5 لاکھ گیگ مزدوروں کو جاب سیکوریٹی ، ہیلت اور سوشیل سیکوریٹی حاصل ہوگی
حیدرآباد ۔یکم مئی (سیاست نیوز) مئی ڈے کے موقع پر تلنگانہ میں گیگ اکنامک سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے تیار کردہ تلنگانہ پلیٹ فارم بیسڈ گیگ ورکرس بل 2026 کو گورنر شیو پرتاپ شکلا نے منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ باقاعدہ قانون بن گیا ہے ، اس طرح تلنگانہ سارے ملک میں راجستھان کے بعد دوسری ریاست بن گئی ہے جس نے گیگ ورکرس کے لئے خصوصی قانون نافذ کیا ہے ۔ یہ قانون Uber, Ola , Swiggy اور Zomato جیسے پلیٹ فارمس پر کام کرنے والے ڈرائیورس اور ڈیلیوری بوائز کو جامع تحفظ فراہم کرے گا۔ قانون کے تحت کمپنیوں کو لازم ہوگا کہ وہ کارکنوں کیلئے 2 فیصد ایکسیڈنٹ انشورنس ، صحت و کفالت انشورنس اور پنشن جیسی سہولتیں فراہم کریں۔ نئے قانون میں کم از کم اجرت کا تعین بھی کیا گیا ہے تاکہ مزدوروں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے۔ ساتھ ہی پلیٹ فارم کمپنیوں کو اپنی آمدنی کا کم از کم 50 فیصد حصہ کارکنوں کو دینا ہوگا۔ بغیر کسی معقول وجہ ہے کہ آئی ڈی بلاک کرنے یا ملازمت سے بھی نکالنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ قانون کے مطابق گیگ ورکرس کو ریگولر ورکرس کے طور تسلیم کرتے ہوئے انہیں گریجویٹی اور کنٹراکٹ پروٹیکشن جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس پیشرفت سے غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والے لاکھوں افراد کو جاب سیکوریٹی ، ہیلت اور سوشیل سیکوریٹی کے فوائد حاصل ہوں گے۔ ریاست بھر میں تقریباً 4.5 لاکھ گیگ ورکرس نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے اور حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے عہدیداروں کو اس قانون کے نفاذ کیلئے مکمل رہنمایانہ خطوط آئندہ 10 سے 15 دن میں جاری کر نے کا مطالبہ کیا۔2/k/m/b