چھتیس گڑھ میں سکیورٹی فورسیس کی کارروائیوں میں اضافہ پر فیصلہ
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) چھتیس گڑھ میں ماؤسٹوں کے خلاف سکیورٹی فورسیس کی کارروائیوں میں شدت کے بعد ماؤسٹوں نے یکطرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ سی پی آئی ماؤسٹ تلنگانہ کمیٹی کے ترجمان جگن نے ایک بیان جاری کیا جس میں اعلان کیا گیا کہ 6 ماہ تک جنگ بندی نافذ رہے گی اور ماؤسٹوں کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سکیورٹی فورسیس کی کارروائیوں میں بڑی تعداد میں ماؤسٹوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 2 ماہ کے دوران 200 سے زائد ماؤسٹ انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے۔ ملک میں سیول سوسائٹی اور جہدکاروں کی جانب سے مرکزی حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ہے کہ وہ ماؤسٹوں سے مذاکرات کرے اور جنگ بندی کا اعلان کرے۔ مرکزی حکومت نے مذاکرات کے لئے شرط رکھی کہ ماؤسٹ پہلے ہتھیار ڈال دیں جس کے بعد ہی مذاکرات پر غور کیا جائے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے بھی امن مذاکرات اور جنگ بندی کی مساعی کی ہے۔ ایسے میں سی پی آئی ماؤسٹ کی جانب سے 6 ماہ تک یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان اہمیت کا حامل ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ اِس اعلان کے بعد سکیورٹی فورسیس اپنی کارروائیوں کے بارے میں کیا فیصلہ کریں گی۔