Saturday , December 5 2020

متاثرین میں 10 ہزار کی تقسیم ایک ہفتہ میں مکمل کرلی جائے

چیف سکریٹری کی ہدایت، 3 عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی نگرانی میں تقسیم کا آغاز

حیدرآباد: حکومت نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او آر ٹی 525 کے ذریعہ متاثرہ خاندانوں میں حکومت کی جانب سے فوری طور پر 10 ہزار روپئے کی تقسیم کی ہدایت دیتے ہوئے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کو ہدایت دی گئی کہ وہ محلہ واری سطح پر 3 رکنی بین محکمہ جاتی کمیٹی تشکیل دیں جس میں اسپیشل آفیسر، جی ایچ ایم سی عہدیدار اور ریوینو عہدیدار کو شامل کیا جائے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں بالخصوص سلم علاقوں میں متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کی تفصیلات بطور ریکارڈ درج کی جائیں۔ بارش کی صورت میں مکانات کو نقصان کے علاوہ گھریلو سامان کو جو نقصان پہنچا ہے ایسے متاثرین کو بھی یہ امداد تقسیم کی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے ہدایت دی کہ مالی امداد متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھر پہنچ کر دی جائے اور ایک ایپ کا استعمال کیا جائے جو متاثرہ گھر اور خاندان کی تفصیلات حاصل کرے۔ متاثرہ خاندانوں سے آدھار نمبر اور دیگر تفصیلات حاصل کی جائیں۔ مالی امداد کی تقسیم کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ تقسیم کے سلسلہ میں ایک خاندان کو صرف ایک مرتبہ امداد کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ متعلقہ خاندان کے سرپرست سے امداد کے حصول کا اکنالجمنٹ دستخط کے ساتھ حاصل کیا جائے اور اس پر تین عہدیداروں کے دستخط لئے جائیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اطراف کی بلدیات میں ضلع کلکٹرس کو تین رکنی کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ تقسیم کا طریقہ کار گریٹر حیدرآباد کی طرز پر رہے گا۔ اسپیشل آفیسر کی قیادت میں کام کرنے والی ریلیف ٹیم کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ قواعد کے مطابق امدادی اشیاء کی تقسیم کو یقینی بنائیں اور کسی بھی سطح پر ان کا غلط استعمال نہ ہو۔ کمشنر جی ایچ ایم سی اور سی ڈی ایم اے کو بہتر میکانزم تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد کے طور پر رقم کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے امداد کی تقسیم کا کام فوری طور پر شروع کرنے اور اندرون ایک ہفتہ مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فی خاندان 10 ہزار روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ غذائی اجناس پر مشتمل کٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق منگل کے دن سے تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT