واشنگٹن :8اکٹوبر ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر نوبل امن انعام جیتنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ میں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد 8 جنگیں ختم کروائی ہیں۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے ایسے کام کیے ہیں جو اس سے پہلے کسی صدر نے نہیں کیے، اگر مجھے امن انعام نہ دیا گیا تو یہ نوبل کمیٹی کے لیے بھی باعثِ تنقید ہو گا۔انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ مجھے یقین نہیں کہ ناروے کی نوبل کمیٹی مجھے انعام دے گی شاید اس کمیٹی کو شہرت مجھ جیسے لوگوں کو انعام نہ دینے کی وجہ سے ملی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ وہ نوبل امن انعام کے حق دار ہیں۔ پاکستان نے باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے، جبکہ اسرائیل اور کمبوڈیا کے رہنماؤں نے بھی ان کی حمایت یا نامزدگی کا ذکر کیا ہے، تاہم ان نامزدگیوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کی جا سکتی۔دوسری جانب امریکی صدر جن تنازعات کو حل کروانے کا دعویٰ کر رہے ہیںان میں بعض کے فریق ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار سے اختلاف کرتے ہیں اور کچھ علاقوں میں تو دوبارہ لڑائی بھی شروع ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ 2026ء کے نوبل امن انعام کا اعلان 9 اکتوبر کو ناروے کی نوبل کمیٹی کرے گی۔اس انعام کو حاصل کرنے کے لیے فہرست میں ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ پوپ لیو، عالمی عدالتی ادارے اور دیگر شخصیات و تنظیمیں بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔