مخالف دستور طاقتوں کو متحد کرنے کے سی آر سرگرم: بھٹی وکرمارکا

   

سبرامنیم سوامی بی جے پی کے ایجنٹ، کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش
حیدرآباد۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر ملک میں دستور کی مخالفت کرنے والی طاقتوں کو متحد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ کھمم میں جاری پد یاترا کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سبرامنیم سوامی سے کے سی آر کی ملاقات اسی سازش کا حصہ ہے تاکہ دستور کی مخالفت کرنے والی طاقتوں کو یکجا کرتے ہوئے دستور میں تبدیلی کے امکانات تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے دستور بدلنے کا پہلے ہی ارادہ ظاہر کیا ہے کیونکہ انہیں موجودہ دستور میں کمزور طبقات کو دیئے گئے حقوق برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی قومی سیاست میں حصہ داری کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سبرامنیم سوامی دراصل آر ایس ایس کے نمائندہ ہیں اور آر ایس ایس بھی دستور میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے گزشتہ 6 دن سے جاری پد یاترا کو عوام کی غیر معمولی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف دستور طاقتوں کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے سیکولر اور جمہوریت پسند طاقتوں کو متحد ہونا چاہئے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف مہم کے نام پر کے سی آر کانگریس کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یو پی اے کی حلیف جماعتوں کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان قائد راکیش ٹکیٹ سے کے سی آر کی ملاقات مضحکہ خیز ہے کیونکہ کے سی آر تلنگانہ میں مخالف کسان پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ر