مرکزی او بی سی لسٹ میں تلنگانہ کے 40 طبقات کو شامل کیا جائے

   

چیف منسٹر سے مساعی کرنے صدرنشین بی سی کمیشن کا مکتوب
حیدرآباد ۔2۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ بی سی کمیشن جی نرنجن نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی او بی سی فہرست میں 40 طبقات کی شمولیت کے اقدامات کرنے کی خواہش کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے 10 دنوں تک متحدہ اضلاع میں عوامی سماعت کے ذریعہ پسماندہ طبقات کے مسائل کا جائزہ لیا۔ سماعت کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ 40 طبقات جو ریاست کی بی سی لسٹ میں شامل ہیں، انہیں مرکزی حکومت کی او بی سی لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔ نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات نے نئی دہلی میں حالیہ سماعت کے دوران اس مسئلہ کا جائزہ لیا لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے تاحال کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ تلنگانہ کے 40 مختلف طبقات کو مرکز کی او بی سی لسٹ میں شامل کرانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جی نرنجن نے جن 14 طبقات کی فہرست پیش کی، ان میں بعض مسلم طبقات بھی شامل ہیں، جو مختلف پیشوں سے وابستہ ہیں۔ بی سی کمیشن نے مرکزی او بی سی لسٹ میں شمولیت کیلئے جن طبقات کے ناموں کی سفارش کی ہے، ان میں عطار، مسلم دھوبی ، گاڑدی مسلم ، گو سنگھی مسلم ، فقیر صاحبلو، لبی، شیخ ، سدی، حبشی ، یابا ، ترکا کاشا جیسے مسلم طبقات شامل ہیں۔ 1