حیدرآباد۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آیا مرکز میں این ڈی اے کی حکومت ہے یا این پی اے (غیر کارکرد حکومت) ہے۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹ میں ایک اخبار کی سرخی کا حوالہ دیا ہے جس میں یہ رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ 2021 اور2022 ء میں ٹھوک قیمتوں کی افراطِ زر کی شرح 30 برسوں میں سب سے زیادہ رہی ہے۔ اسی طرح بیروزگاری کی شرح 45 برسوں میں سب سے زیادہ ہے جبکہ فیول کی قیمتیں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ ایل پی جی سلینڈر کی قیمت دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہندوستان میں ہے۔ آر بی آئی کہتا ہے کہ صارفین کی اعتماد کی سطح سب سے کم ہے۔ کے ٹی آر نے سوال کیا کہ تو کیا اس حکومت کو این ڈی اے گورنمنٹ کہیں گے یا این پی اے حکومت؟ ملک میں مہنگائی اور حکومت کی کارکردگی پر کے ٹی آر نے یہ طنز کیا ہے۔