مرکز کی برقی اصلاحات کی مخالفت کا خیرمقدم

   

آندھرا پردیش کی تقسیم پر مودی کا بیان قابل مذمت، راگھولو
حیدرآباد/13 فروری، ( سیاست نیوز) سی پی ایم رکن پولیٹ بیورو بی وی راگھولو نے مرکز کی جانب سے برقی اصلاحات کی مخالفت کی اور کہا کہ اصلاحات پر تلنگانہ میں عمل نہ کرنے کے سی آر کا اعلان خوش آئند ہے۔ ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راگھولو نے کہا کہ برقی اصلاحات کے نام پر مودی حکومت برقی شعبہ کو خانگیانے کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم پر وزیر اعظم کا بیان تلنگانہ عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون کے وعدوں پر عمل کئے بغیر ریاست کی تقسیم کے طریقہ کار پر نکتہ چینی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو تنظیم جدید قانون کے وعدوں پر عمل آوری کرنی چاہیئے جو دونوں ریاستوں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش انتخابات میں سیاسی فائدہ کیلئے کرناٹک میں حجاب کا تنازعہ پیدا کیا گیا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بابا رام دیو نے بائیں بازو قائدین کو مچنتل میں مجسمہ مساوات کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بابا رام دیو کو مساوات کے بارے میں بات کرنے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور گریجن طبقات کو دورہ کی اجازت کے بعد وہ مچنتل جائیں گے۔ ٹی ویرا بھدرم نے کہاکہ تلنگانہ میں بی جے پی کو ٹی آر ایس کا متبادل قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایم حکومت کی مخالف عوام پالیسی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ر