مسلم پرسنل لا ء بورڈ کی عاملہ کا اجلاس 18 جنوری کو شہر میں منعقد ہوگا

   

ملک کے موجودہ حالات اور عبادتگاہوں سے متعلق قانون پر تبادلہ خیال کا امکان

حیدرآباد 13جنوری(سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی عاملہ کا اجلاس شہر میں 18 جنوری کو منعقد ہوگا۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ صدارت کرینگے ۔ اجلاس میں ملک بھر سے پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ دار شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچیں گے اور شہر میں موجود اراکین و خصوصی مدعوئین شرکت کریں گے ۔اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات اور عدالتوں میں مختلف مساجد بالخصوص کاشی اور متھرا ودیگر معاملات پر تبادلہ خیال کرکے اہم فیصلہ کیا جائے گا۔ بابری مسجد کی جگہ زیر تعمیر ’رام مندر‘ میں 22جنوری کو منعقد ہونے والی ’پران پرتشٹھا‘ سے عین قبل اس اجلاس کے حیدرآباد میں انعقاد پر کہا جا رہا ہے کہ پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ دار اس موضوع پر بھی تبادلہ خیال کرکے ملک بھر کے مسلمانوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق المعہد الدینیہ الاسلامیہ شاہین نگر میں ہونے والے اجلاس میں آل انڈیا بورڈ کی قیادت بالخصوص اراکین عاملہ کی جانب سے پلیس آف ورشپ ایکٹ 1991 پر بھی تبادلہ خیال کا امکان ہے کیونکہ ملک کی مختلف عدالتوں میں مساجد کی جگہ دیگر عبادت گاہوں کے دعوے کرکے قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔ اس قانون پر حکومت سے وضاحت طلب کرنے کے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ گیان واپی ‘ کاشی اور متھرا کے معاملہ میں عبادت گاہوں سے متعلق قانون انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن مرکز کی جانب سے اس پر مکمل خاموشی اختیار کی جار ہی ہے جس سے ریاستی حکومتیں عدالتو ںمیں اس قانون کے متعلق غلط تاویلات پیش کرنے کی مرتکب بن رہی ہیں ۔ رام مندر میں پران پرتشٹھا سے قبل ملک میں جو ماحول تیار کیا جا رہاہے اس کو دیکھتے ہوئے پرسنل لابورڈ اجلاس میں مستقبل کے امکانی حالات پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں ملک میں امن و امان کی برقراری حکومت اور عوام کی ذمہ داری کے علاوہ دیگر امور کو بھی زیر بحث لاکر اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے ۔ اہم اجلاس میں شرکت کیلئے ارکان عاملہ مرکزی قائدین کی آمد کی توثیق ہونے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ بیشتر قائدین اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں گے کیونکہ 22جنوری سے قبل اجلاس کی اہمیت میں کئی وجوہات کی بناء پر اضافہ ہوچکا ہے۔3