مقامی سطح پر وباء کو قابو میں کرنے کی ضرورت پر زور

   

وزیراعظم مودی کی کورونا پر چیف منسٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے حکام سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کورونا وباء کے مسئلہ پر بات کی ۔ ملک میں کورونا کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اُس پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم نے ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ اس وباء کو مقامی سطح پر قابو پانے کے اقدامات کریں ۔ اس کیلئے حکمت عملی تیار کرتے وقت یہ بات ذہن میں ہونی چاہئیے کہ اس سے عام آدمی کی گزر بسر اور معاشی سرگرمیوں کا کم سے کم نقصان ہو ۔ معاشی سرگرمیوں کو برقرار رکھا جانا ضروری ہے ۔ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے متعلق وزیراعظم نے بتایا کہ یہ پچھلے ویرینٹ کے مقابل کئی گنا تیزی سے لوگوں کو متاثر کررہا ہے ۔ لہذا ہمیں چوکس اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ تاہم اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ خوف و دہشت کی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ تہواروں کے اس سیزن میں عوام اور انتظامیہ کو کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہئیے ۔ اس مرتبہ بھی کامیابی کا منتر وہی ہوسکتا ہے جو مرکزی اور ریاستی حکومتوں نے اس سے قبل اختیار کیا تھا ۔