ممبئی ملک کا سب سے مہنگا شہر، رہائشی اخراجات 30 تا 60 ہزار روپئے

   

دہلی اور بنگلور کو دوسرا اور تیسرا مقام، کم خرچ میں رہائش کے لیے حیدرآباد اوّلین ترجیح
حیدرآباد 28 اپریل (سیاست نیوز) ملک کے بڑے اور ترقی یافتہ شہروں میں بہتر انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے رہائش پر زیادہ خرچ کرنا پڑے گا۔ رہائش کے اخراجات کے اعتبار سے ملک کے اہم شہروں کا سروے کیا گیا جس میں ہندوستان کا صنعتی دارالخلافہ ممبئی ماہانہ 30 تا 60 ہزار روپئے کے خرچ کے ساتھ سرفہرست رہا۔ دیگر بڑے شہروں کے مقابل ممبئی کئی اعتبار سے رہائش کے لئے عوام کی اولین ترجیح ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں بلکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے ذریعہ روزگار کے حصول میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ترجیح رہی ہے۔ سروے میں جاریہ سال کا ممبئی سب سے مہنگا شہر ثابت ہوا ہے۔ دہلی ماہانہ 22 تا 50 ہزار کے خرچ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ملک کے دارالحکومت کے درجہ کے باوجود رہائش اور روزگار کے معاملہ میں نئی دہلی عوام کی اوّلین ترجیح نہیں ہے۔ بنگلور جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز ہے، وہ ایک عام آدمی کے لئے ماہانہ 20 تا 50 ہزار کے اخراجات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ مہاراشٹرا کا پونے شہر ماہانہ 25 تا 45 ہزار خرچ کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر رہا اور حیدرآباد کو پانچواں مقام حاصل ہوا۔ سروے کے مطابق حیدرآباد میں رہائش کے لئے ایک ماہ کا خرچ 12 تا 50 ہزار ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ممبئی میں لائف اسٹائل اور سہولتوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی زیادہ ہیں جس کے نتیجہ میں ممبئی کو ملک کے مہنگے ترین شہر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ دوسری طرف حیدرآباد کو رہائش اور خاص طور پر کم قیمت میں غذاؤں کی دستیابی کے معاملہ میں ملک بھر میں پسندیدہ شہر کے طور پر شمار کیا جاتا ہے لیکن حیدرآباد کی اِس خوبی اور خصوصیت کا کسی بھی ادارہ نے سروے کے ذریعہ انکشاف نہیں کیا ہے۔ حالیہ برسوں میں مہاراشٹرا، بنگلور اور پونے سے زیادہ دیگر ریاستوں کے اسکل لیبر ملازمت کے لئے حیدرآباد کو ترجیح دے رہے ہیں۔V/1/k/b