وزیر مال سرینواس ریڈی کی عہدیداروں سے ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔20۔اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے رجسٹریشن ایکٹ کے سیکشن 22Aکے تحت درخواستوں کی یکسوئی کے مسئلہ پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ممنوعہ فہرست میں شامل کی گئی جائیدادوں اور اراضیات کے دستاویزات کی جانچ کرتے ہوئے رجسٹریشن کی راہ ہموار کرنے کی ہدایت دی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ جائیداد اور اراضیات کے مالکین کی جانب سے کال سنٹر کو موصول ہونے والی درخواستوں کی فوری یکسوئی کی جائے۔ انہوں نے حیدرآباد اور دیگر تین اضلاع رنگا ریڈی ، ملکاجگری اور سنگا ریڈی کی درخواستوں کی اندرون ایک ہفتہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جائیداد و اراضی کے حقیقی مالکین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی ۔ اس سلسلہ میں عوام کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کال سنٹر کو 400 سے زائد نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں اور اراضی مالکین کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کا جائزہ لیتے ہوئے ممنوعہ فہرست سے نکال دیا جائے گا اور رجسٹریشن کی سہولت رہے گی۔ سرینواس ریڈی نے متعلقہ تحصیلدار ، آر ڈی او اور سب رجسٹرار عہدیداروں کو درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فہرست میں شمولیت کی جانچ کی جارہی ہے۔ عہدیداروں کو وزیر مال نے ہدایت دی کہ وہ کسی بھی کوتاہی کے ذریعہ عوام کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں۔1/k