ریاست اور حیدرآباد کو ڈرگس سے پاک بنانے مخصوص ونگس کی تشکیل : وزیرداخلہ محمد محمود علی
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے اور اس کی اسمگلنگ کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ منشیات کے خاتمہ کیلئے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس اور محکمہ اکسائز اس معاملے میں خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے بورابنڈہ میں منعقدہ انسداد منشیات مہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر نے کہا کہ انسداد منشیات مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کے خاتمہ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر بہت زیادہ سنجیدہ ہیں۔ ڈرگس کی اسمگلنگ، سپلائی اور استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حال ہی میں چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ تلنگانہ کی پولیس نے چیف منسٹر کی ہدایت پر منشیات کا خاتمہ کرنے کیلئے دو مخصوص ونگس کو تشکیل دیا ہے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں ڈرگس کی سپلائی اور استعمال کے کچھ کیسیس منظرعام پر آچکے ہیں جس کے خلاف تلنگانہ کی پولیس کارروائی کررہی ہے۔ حیدرآباد کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے حیدرآباد پولیس، حیدرآباد سیکوریٹی کونسل اور ایکلاویا فاؤنڈیشن مشترکہ طور پر مہم چلارہی ہے۔ وزیرداخلہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند نوجوان لڑکے و لڑکیاں منشیات بالخصوص کوکین، ہشیش آئیل، گانجہ جیسی نشہ آور چیزوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی زندگیاں تباہ و برباد کررہی ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ بیرونی ممالک کے علاوہ ملک کی دوسری ریاستوں سے ڈرگس کو اسمگل کرتے ہوئے تلنگانہ کے مختلف کالجس اور اسکولس کے طلبہ کو فراہم کیا جارہا ہے۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر انہیں ڈرگس کے بارے میں کوئی بھی علم ہو تو فوری اس کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے میں حکومت سے تعاون کریں۔ن